وزیر اعظم نے کراچی میں ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر کے تمام منصوبے ناکام بنا دئیے، حنا پرویز بٹ

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 100 دنوں میں ملک و قوم کی بہتری کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں سابقہ حکمران اپنے پانچ سالہ دور میں بھی ایسا نہیں کر سکے۔کراچی میں ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کو تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اس لئے اسکے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کسی بھی اقدام سے قبل وسیع مشاورت کر رہے ہیں جسکے آنیوالے دنوں میں دورس نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستانی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی میں خون کی ہولی کھیلی جارہی تھی۔

وزیر اعظم نوازشریف نے جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف وسیع تر مشاورت سے کارروائی کا فیصلہ کر کے تمام منصوبے ناکام بنا دئیے ہیں۔ یہ آپریشن مکمل طور پر غیر جانبدار ہے اور اسے تمام سیاسی جماعتوں کی حاصل ہے جسکی وجہ سے اسکے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اس آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں اس لئے اسے کسی طرح بھی کسی جماعت کے خلاف قرار نہیں دیا جا سکتا۔