اسلام آباد (جیوڈیسک) افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان نے طالبان کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو رہا کر دیا ہے۔ افغان طالبان کے اہم عسکری کمانڈر ملا عبدالغنی برادر آخوند کا شمار طالبان تحریک کے سرکردہ رہنماں میں ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو گذشتہ روز رہا کیا گیا۔ ان کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ان کی رہائی کو خفیہ رکھا گیا۔
ملا برادر طالبان سربراہ ملا محمد عمر کے انتہائی اہم اور قریبی ساتھی اور ان کے نائب کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ملا برادر طالبان کے آرمی چیف بھی رہ چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ملا برادر کو افغان مفاہمتی عمل کو تقویت دینے کے لئے رہا کیا گیا۔ رواں برس افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی پر عملدرآمد روک دیا گیا تھا تاہم افغان صدر حامد کرزئی کے دورہ پاکستان کے بعد طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔
اور رواں ماہ پاکستان نے مزید سات افغان طالبان قیدی رہا کر دیے۔ رہا کئے جانے والوں میں منصور داداللہ، سید ولی، عبدالمنان، کریم آغا، شیر افگن، گل محمد اور گل زئی شامل تھے۔ پاکستان اور افغان امن کونسل کے درمیان مذاکرات کے بعد طالبان قیدیوں کی رہائی گذشتہ برس نومبر سے شروع کی گئی اور دو ہزار بارہ میں کل چھبیس طالبان قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی گئی۔ گذشتہ برس رہا ہونے والوں میں سابق طالبان حکومت کے وزیر انصاف نورالدین ترابی اور صوبہ ہلمند کے سابق گورنر عبدالباری بھی شامل تھے۔