اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میجر جنرل ثنا اللہ نیازی کی شہادت سے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر منفی اثر پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی ناکامی کے نتائج خیبر پختونخواہ کو بھگتنا پڑیں گے۔ عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو چیلنج کرنے کی بھی حمایت کر دی۔
تحریک انصاف کی سنڑل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کنفرنس واضع کر دیا تھا کہ امن کا واحد راستہ مذاکرات ہے، تاہم اگر قبائلی یا دیگر شورش زدہ علاقوں میں فوجی آپریشن کی نوبت آئی تو اس معاملے پر دوبارہ اے پی سی بلانے کا مطالبہ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور اگر مزاکرات ناکام ہوئے تو نقصان خیبر پختونخواہ کو ہو گا۔ تحریک انصاف کی مجلس عاملہ اجلاس میں گیارہ مئی کے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کا جائزہ لیا گیا اور انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے نتائج کی دوبارہ جانچ پڑتال کا مطالبہ دہرایا گیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔
مجلس عاملہ نے غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات مسترد کر دیئے۔ اجلاس میں اعجاز چوہدری نے پنجاب لوکل باڈیز الیکشن بل کے خلاف قرارداد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت سے حلقہ بندیاں کرانا غیر آئینی ہے یہ اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حاصل ہے۔
تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی نشستیں بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملک میں مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی کے ساتھ سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے موجودہ مہنگائی کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔