پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پشاور کے چرچ میں دہشتگردی ظلم کی انتہا ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے واقعہ کو سابق حکومتوں کی پالیسی کا نتیجہ قرار دیدیا۔ صوبائی حکومت زخمیوں کو دو، دو لاکھ اور مرنیوالوں کے ورثا کو پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد دے گی۔
دھماکے کے پانچ گھنٹے بعد عمران خان، وزیراعلی پرویز خٹک اور صوبائی وزرا کو لیکر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے واقعہ کو پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور خیبر پختونخوا حکومت ملک میں امن کیلئے وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا واقعہ 9 سالہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ صوبائی حکومت مسیحی برادری کے ساتھ ہے۔ انہوں نے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا۔ صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے پشاور دھماکے کو پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔ عمران خان اور دیگر رہنماں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں چرچ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔