فری آئی کیمپ حسب سابق یکم اکتوبر سے کیمپ دارالاحسان سمندری روڈ کے ایک ہزار سے زائد بستروں پر مشتمل ہسپتال دارالحکمت دارالشفاء میں شروع ہو رہا ہے

جھنگ 75 واں ششماہی فری آئی کیمپ حسب سابق یکم اکتوبر سے کیمپ دارالاحسان سمندری روڈ کے ایک ہزار سے زائد بستروں پر مشتمل ہسپتال دارالحکمت دارالشفاء میں شروع ہو رہا ہے۔ جو 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس مثالی فری آئی کیمپ میں ملک بھر سے 80 سے زائد ماہرین امراض چشم ڈاکٹر ز خدمات سر انجام دیں گے۔ جن میں سے 17 ڈاکٹر ز کی خدمات محکمہ صحت حکومت پنجاب نے فراہم کی ہیںجبکہ باقی ڈاکٹرز رضا کارانہ طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کیمپ میں موجود ہوں گے۔

ان ڈاکٹرز کی معاونت کے لئے 500 سو افراد پر مشتمل تجربہ کار خدمت کے گہرے جذبے سے سر شار رضاکاروں کی (پیرامیڈیکل سٹاف کی)ایک ٹیم خدمات کے لئے ہمہ وقت موجود ہو گی۔ دنیا میں اپنی نوعیت کا یہ مثالی فری آئی کیمپ موجودہ دور کے عظیم روحانی پیشوا حضرت ابو انیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کی زیر نگرانی 1976 میں شروع ہوا تھا جو بڑی باقاعدگی کے ساتھ سال میں دو بار مارچ اور اکتوبر میں منعقد ہوتا ہے۔

بانی دارالاحسان حضرت ابوانیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کے وصال کے بعد اس عظیم فری آئی کیمپ کا انتظام و انصرام میاں محمد شفیع اور میاں محمد نجیب اﷲکے ذمہ ہے جو بالترتیب ادارہ کے مہتمم اور نائب مہتمم ہیں۔خوراک و ادویات اور ہر قسم کی طبی سہولیات اور رہائش وغیرہ مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ادارہ کی انتظامیہ کی طرف سے مریضوں کو اپنے ہمراہ کم از کم ایک تیماردار (مرد مریض کے ساتھ مرد اور عورت مریضہ کے ساتھ عورت)اور موسم کے مطابق بستر ہمراہ لانے کو کہا گیا ہے۔

ان تیمارداروں اور لواحقین کو بھی خوراک اور رہائش مفت فراہم کی جاتی ہے جدید مشینری سے مزین اس کیمپ میں بیک وقت نو مائیکروسکوپ مشینیں کام کرتی ہیں جبکہ فیکو ٹیکنالوجی کی سہولت بھی موجود ہے۔ ڈاکٹرز شفٹوں میں خدمات سر انجام دیتے ہیں انتظامیہ کے مطابق اس موجودہ کیمپ کے دوران گیارہ ہزار آنکھوں کے آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ اسی سال مارچ کے کیمپ میں مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے تھے۔

اس فری آئی کیمپ کی خصوصیات یہ ہیں کہ یہاں ابتک 1801 پیدائشی نابینا نوجوان بچوں اور بچیوں کی آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ لہٰذا کیمپ انتظامیہ کی طرف سے پیدائشی نابینا افراد کے لواحقین سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی موجودہ کیمپ میں قسمت آزمائی کے لئے اپنے نابینا بچوں کو لیکر آئیں۔ غریب اور مستحق مریضوں کی آنکھوں میں لینز بھی کیمپ انتطامیہ کی طرف سے مفت ڈالے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 74 کیمپوں کے دوران چار لاکھ چوراسی ہزار سے زائد آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دس لاکھ سے زائد مریضوں کو آئوٹ ڈور پر علاج معالجہ کہ مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس کیمپ کی کامیابی کا تناسب 99.96 فیصد ہے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔خدمت مفت، علاج مفت،خوراک مفت اور غیر امتیازی سلوک اس کیمپ کی چار امتیازی خصوصیات ہیں۔