لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پوپ فرانسس اور آرچ بشپ آف کانٹربری جسٹن ویلبی کو خطوط لکھے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چرچ میں دہشت گردی کا عمل غیر انسانی، سفاکیت اور کھلی بربریت ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پوپ فرانسس اورآرچ بشپ آف کانٹربری جسٹن ویلبی کے نام تعزیتی خطوط میں پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں واقع سینٹ جانز چرچ میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس المناک سانحہ میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان شخصیات کے نام خطوط میں الطاف حسین نے کہا کہ اتوار کے دعائیہ اجتماع کے دوران چرچ میں دہشت گردی کھلی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
الطاف حسین نے اپنی اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دہشت گردی کا شکار متاثرہ مسیحی خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔