پشاور (جیوڈیسک) سانحہ پشاور اپنے پیچھے دکھ کی پرچھائیاں چھوڑ گیا، ملک بھر میں فضا سوگ وار ہے، مرنے والوں کی یاد میں مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا اورشمعیں روشن کی گئیں۔ سانحہ پشاور میں جاں بحق ہونیوالے اپنی یادیں چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔
ان کے لواحقین کی آنکھوں میں نہ تھمنے والا آنسووں کا سیلاب ہے ،کسی ماں نے اپنے پیارے بیٹے کو ہمیشہ کے لیے رخصت کیا توکسی باپ نے بیٹے کو خود قبر میں اتارا، دہشت گردی کی سازش کا شکار ہونے والوں کی یاد میں حیدر آباد میں ایم کیو ایم کی جانب سے شمعیں روشن کی گئیں۔
گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی نے شمعیں روشن کرکے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ ملتان کے علاقے کینٹ کے چرچ میں موم بتیاں جلا کر مرنے والوں کے لواحقین کو صبر عطا کرنے کی دعا کی گئی۔
سیالکوٹ کے علامہ اقبال چوک پر مرد اور خواتین نے سانحہ پشاور میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کرتے ہوئے دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے۔ بنوں کے شہریوں نے بھی مسیحی برادری سے شمعیں روشن کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔