فلم دی ففتھ سٹیٹ اٹھارہ اکتوبر کو ریلیز ہوگی

 The Fifth Estate

The Fifth Estate

لاس اینجلس (جیوڈیسک) امریکی فلم ساز ادارے ڈریم ورکس کی جانب سے وکی لیکس ویب سائٹ پر بنائی گئی فلم دی فِفتھ سٹیٹ کی ریلیز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ فلم امریکی اور بین الاقوامی فلمی منڈیوں میں اٹھارہ اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

وکی لیکس ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر دی فِفتھ سٹیٹ کے سکرپٹ کو شائع کر دیا ہے۔ جولیان اسانج کی عالمی سطح پر تہلکہ مچا دینے والی ویب سائٹ نے اس فلم کے سکرپٹ اور شامل مواد کی اعلانیہ مذمت کی ہے۔ مذمت کے لئے خاصے سخت الفاظ کا استعمال کیا گیا۔

وکی لیکس نے دی فِفتھ سٹیٹ نامی فلم میں شامل مواد کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ، مہلک اور ویب سائٹ کے مقاصد کو شدید نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔ اس مناسبت سے وکی لیکس نے ایک میمو اپنی ویب سائٹ پر شائع کی ہے۔ دی فِفتھ سٹیٹ فلم کو اٹھارہ اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ یہ دن وکی لیکس ادارے کا یوم اساس بھی ہے۔ جولیان اسانج نے کچھ عرصہ قبل اپنی ویب سائٹ اور ادارے کے مخالفین کو پانچویں ریاست یا دی فِفتھ سٹیٹ قرار دیا تھا۔