کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی نے نومولود بچوں کی لازمی اسکریننگ سے متعلق بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے تحت بہرے پن کے منفی اثرات کے خاتمہ کیلئے نومولود بچوں کی قوت سماعت کی اسکریننگ ہوگی۔ بل کے تحت 24 سے 72 گھنٹوں کے نومولود بچوں کے قانونی ورثا اپنے مذہبی عقائد کی بنیاد پر اس اسکریننگ سے انکار کرسکتے ہیں لیکن انہیں اس کیلئے تحریری حلف نامہ دینا ہوگا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ نومولود بچوں کی اسکریننگ سے قوت سماعت و گویائی میں کمی اور بیماریوں کی نشاندہی ہوگی جو صحت مند معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت ہوگی، اپوزیشن ارکان نیبھی بل کی حمایت کرتے ہوئے اسے عوامی مفاد میں قرار دیا، تاہم بل کی کاپیاں فراہم نہ کیے جانے پر اعتراض کیا۔