کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایسٹ زون پولیس نے تین روز میں کاروائیاں کر کے جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں، بھتہ خور اور ٹارگٹ کلرز سمیت 141 ملزمان گرفتار کر لئے۔ ملزمان میں مفرور اور اشتہاری شامل ہیں جن کا تعلق سیاسی جماعتوں اور لیاری کے گینگسٹر سے بھی ہے۔ ایس ایس پی ملیر ناصر آفتاب نے ڈی آئی جی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم تاج ولی کو گرفتار کیا۔
دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا وہ تھانہ پیر آباد کی حدود میں دو پولیس اہلکار وں کے قتل میں ملوث ہے۔ اس کے علاوہ ملزم نے صدر میں سونے کی دکان اور پیپسی کی ایک ایجنسی لوٹنے کا بھی اعتراف کیا۔ جبکہ سچل میں ایک ڈکیت ملزم محمد عظیم ولد جمال خان جس نے بہت سے علاقوں میں ڈکیتی کرنے کا اعتراف کیا گرفتار ہوا۔ تھانہ عزیز بھٹی نے کارروائی کرتے ہوئے تین پولیس ملزمان اے ایس آئی نذیر احمد، ہیڈ کانسٹیبل عنایت اللہ، کانسٹیبل عبدالغنی کو گرفتار کیا جو کہ ایک شہری سے 5000 سعودی ریال چھین چکے تھے۔
جبکہ گزشتہ روز تھانہ ملیرسٹی کی موبائل پر گینگ وار کے نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 31 مشکوک افرد کو حراست میں لیا جن سے بھاری اور جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کاروائی کر کے ایک ٹارگٹ کلر ملزم محمد علی عرف علی کو ایک پسٹل اور چھینی گئی موٹرسائیکل کے ساتھ گرفتار کیا۔ جس نے دوران تفتیش کئی لوگوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔