اسلام آباد (جیوڈیسک) مفتیان اہل سنت نے اجتماعی فتو ی جا ری کیا ہے کہ غیر مسلم اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملہ قطعا غیر اسلامی فعل اور بد ترین گناہ ہے۔ چیئر مین سنی اتحاد کونسل صاحب زادہ حامد رضا کی کی اپیل پر اہل سنت کے 30 مفتیان کرام نے اجتماعی فتوی میں کہا ہے کہ اسلام نے اسلامی ریاست میں اقلیتوں کی جان، مال، عزت و آبرو کو لازمی قرار دیا ہے۔
فتوی میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاور میں مسیحی برادری کی عبادت گاہ پر حملہ کرنے والوں نے اسلام کے چہرے کو مسخ کرنے کی گھناونی کو شش کی ہے۔ اسلام نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قررا دیا ہے، چاہیے وہ انسان مسلمان ہو یا غیر مسلم۔
علمائے اہل سنت نے اپنے فتوی میں سانحہ پشاور پر مسیحی برادری سے اظہار افسوس اور مقتولین کے ورثا سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ فتوی جاری کرنے والوں میں شیخ الحدیث علامہ محمد شریف، مفتی عمران حنفی، مفتی سعید رضوی، علامہ محمد اکبر رضوی، علامہ حامد سرفراز اور دیگر مفتیان عظام شامل ہیں۔