وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی کا پراسیکیوٹر جنرل آفس کا اچانک دورہ

لاہور : افسران اپنے معاملات فوری طور پر درست کر لیں ، انتظامی امور کے علاوہ مقدمات کی تیاری میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی گناہ گار سزا سے نہ بچ پائے ـ اس بات کا بھی اہتمام کیا جائے کہ کوئی بے گناہ تکنیکی وجوہات کی بناء پر پریشان نہ ہوـ انصاف کی فوری فراہمی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ، یہ نہ صرف پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے بلکہ عبادت بھی اورجہاد بھی۔ان خیالات کا اظہاروزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی اور سابق آئی جی رانا مقبول احمدنے پراسیکیوٹر جنرل کیمپ آفس کے اچانک دوریہ کے موقع پر کیا۔

رانا مقبول احمد نے پراسیکیوٹر جنرل کیمپ آفس میں ریکارڈ کیپنگ ، افسران کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رانا مقبو ل احمد نے پراسیکیوٹر جنرل آفس میں صفائی کے ناقص انتظامات ، صاف پانی کی عدم دستیابی اور افسران وملازمین کی کم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ رانا مقبول احمدنے کہا کہ واضح ہدایات کے باوجود مقدمات پر انفرادی توجہ مبذول نہیں کروائی گئی۔ رانا مقبول نے سیکرٹری پراسیکیوشن اور پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کی کہ دفتر میں مقدمات کے مناسب فالو اپ ، ریکارڈ کیپنگ ، صفائی ستھرائی اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے ـاس ضمن میں کسی قسم کی لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ـرانا مقبول احمد نے کہا کہ جب تک مقدمے کی تیاری قانون کے مطابق نہ ہو گی اس کے اچھے نتائج مرتب نہیں ہوں گے۔

ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ابتدائی سطح پر پولیس کو پراسیکیوٹرز سے راہنمائی حاصل ہو تو مقدمے کے تضادات کا خاتمہ ہو سکتا ہے اور تکنیکی سقم دور کئے جا سکتے ہیں ـرانا مقبول احمد نے کہا کہ ایک ماہ بعد دوبارہ دورہ کیا جائے گا اور اگر صورتحال میں نمایاں بہتری نہ آئی تو ذمہ داران کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔