لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے دل کھول کر مدد کریں۔ ایم کیو ایم کے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ متاثرین کی فوری امداد کیلئے غذائی اجناس سمیت کپڑے، لوٹے، گھریلو استعمال کے برتن و دیگر استعمال کی ضروری اشیا خدمت خلق فاونڈیشن کے صدر دفتر واقع فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں جمع کرائیں۔
الطاف حسین نے کہاکہ بلوچستان میں شدید زلزلے کی وجہ سے کافی جانی ومالی نقصان ہواہے اوردکھ کی اس گھڑی میں ہمیں بلوچستان کے متاثرین کی ہرطرح کی مدد کرنی چاہئے، جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کیلئے زندگی بچانے والی ادویات بھی جمع کریں اور انہیں جلد از جلد متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جائے۔