گجرات:قلیتی برادری عبادت گاہوں کے اندر سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لئے رضا کار فورس تشکیل دیں،شجاع قطب بھٹی ڈی او سی
Posted on September 25, 2013 By Tahir Webmaster گجرات
گجرات : ڈی او سی شجاع قطب بھٹی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری عبادت گاہوں کے اندر سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لئے رضا کار فورس تشکیل دیں، عبادت گاہوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں نیز سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی ایس پی سید غلام مصطفی گیلانی، مختلف مکاتب فکر او ر اقلیتی برادری کے راہنما اس موقع پر موجود تھے۔
شجاع قطب بھٹی نے کہا کہ عیسائی برادری کو سکیورٹی انتظامات میں بہتری کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات اٹھانا چاہیں۔ چرچوں کے بیرونی دیواریں حکومتی ہدایا ت کے مطابق 11فٹ تک بلند کی جائیں اور ان پر خار دار تاریں لگائی جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسینیہ ٹرسٹ کے صدر چوہدری منظور حسین، اہلحدیث مکتبہ فکر کے راہنما السید الطاف الرحمان نے پشاور میں چرچ میں خود کش حملوں پر عیسائی برادری سے دلی ہمدرد ی کا اظہار کیا۔
متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ مسیحی راہنمائوں جیکب پال، احسان سندھو مسیح، مستری جلال مسیح نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور سکیورٹی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے انتظامیہ اور پولیس کو آگاہ کیا۔