کو آپریٹوبنک کی تمام برانچوں کو ماڈل برانچوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ، وزیر کو آپریٹو اقبال چنڑ

صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ پنجاب پراونشل کو آپریٹو بنک صوبہ بھر میں 151برانچوں کے ذریعے اپنے صارفین کو بنکنگ کی تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں جبکہ بنک کی تمام برانچوں کو جدید خطوط پر استوار کر کے ماڈل برانچوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےـانہوں نے کہا کہ برانچوں کوانٹر نیٹ اور ای میل کی سہولت کی فراہمی سے صارفین کی مشکلات میں نمایاں کمی لائی جاسکے گیـ اقبال چنڑ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہیڈ آفس لاہور،شاہدرہ،گوجرانوالہ،مظفر گڑھ، بہاولپور،ملتان،بھکر ،جہلم اور فیصل آباد میں ماڈ ل برانچز بنانے کا کام شروع کیا جائے گا۔

آئندہ سال مزید 20برانچوںکو ماڈل برانچوں کا درجہ دے دیا جائے گاـانہوں نے کہا کہ کو آپریٹو بنک نے برانچ لیس بنکنگ کی سہولیات شروع کرنے کے لئے نجی آئی ٹی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔اس سلسلے میں بنک اور آئی ٹی بٹلر ای سروسز کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنک کی کارکردگی میں مزید اضافہ کے لئے بنک کے تمام افسران و اہلکاران کو جد ید تقاضوں پر مبنی کورسز کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ نہوں نے بنک حکام کو ہدایت کی کہ وہ قرضوں کی ریکوری کے سلسلے میں کسی قسم کی سفارش کو ہرگز قبول نہ کریں اور ریکوری کے عمل کو سو فیصد یقینی بنائیں۔