گجرات کی خبریں 25.09.2013
Posted on September 25, 2013 By Geo Urdu گجرات
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ آبادی میں بے تحاشا اضافے پر قابو پانے کے لئے تمام سرکاری ادارے مشترکہ کوششیں کریں
گجرات ( جمیل احمدطاہر) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ آبادی میں بے تحاشا اضافے پر قابو پانے کے لئے تمام سرکاری ادارے مشترکہ کوششیں کریں، اس اہم مقصد کے حصول کے لئے علماء کرام، غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا سے بھی تعاون حاصل کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمیٹی کے سیکرٹری و ڈی او پاپولیشن ویلفیئر عدنان اسلم، ڈی ایم او آصف رئوف، ڈی او ایجوکیشن زنانہ رفعت النسائ، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈی او سوشل ویلفیئر رانا مبشر، ڈی ڈی او شفقت بٹ، مذہبی راہنما چوہدری منظور حسین، آصف نوید، سماجی راہنما خادم علی خادم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او نے کہا کہ معاشرے میں مرد کا کلیدی کر دار ہونے کی وجہ سے فیملی پلاننگ کے عمل میں اسکی آمادگی نہایت ضروری ہے اس مقصد کے لئے یونین کونسلز سطح پر آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں نیز اس مقصد کے لئے این جی اوز کی مدد بھی لی جائے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ خطبات کے ذریعے عوام الناس میں اس حوالے سے آگاہی فراہم کریں جبکہ میڈیا کے ذریعے بھی اس پیغام کو معاشرے میں پھیلایا جائے۔ ڈی سی او نے فیملی پلاننگ کے حوالے سے پاپولیشن ویلیفئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر زکے انچارج ڈاکٹرز کو ان مراکز میں قائم مراکز میں پاپولیشن ویلیفئر کے سٹاف کی نگرانی او ر چیکنگ کے اختیارات تقویض کر دیے جبکہ ڈی ایم او کو ہدایت کی کہ وہ آر ایچ سیز کے چیکنگ کے دوران پاپولیشن ویلفیئر کے مراکز کی بھی چیکنگ کریں انکے بارے رپورٹ دیں۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ اس اہم مقصد کے حصول کے لئے پرائیوٹ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سے بھی مکمل تعاون حاصل کیا جائے۔ قبل ازیں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او پاپولیشن ویلفئیر عدنان اسلم نے بتایا کہ عوام الناس میں آگاہی کے لئے ابتک تین یونین کونسلز میں سیمنار منعقد کئے جا چکے ہیں جبکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیملی پلاننگ پروگرام میں تعاون کے لئے ضلع بھر سے 270 میڈیکل پریکٹیشنر ز کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے اور محکمہ صحت کے تعاون سے مزید ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی 19 این جی اوز نے فیملی پلاننگ کے شعبہ میں خدمات پیش کی ہیں جنکی فہرست پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کر دی گئی ہے جبکہ ان این جی او ز کے عہدے داروں سے آج میٹنگ ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محمد اشرف جلالی کیروح کو ایصال ثواب کیلئے محفل گیارھویں شریف کا اہتمام آج بروز جمعرات بعد نماز عشاء دارالعلوم جلالیہ مظہرالاسلام چرچ روڈ کریم پورہ میں ہوگا
گجرات (جمیل احمدطاہر) ممتاز مذہبی شخصیت حضرت مولانا مفتی محمد اشرف جلالی کی
روح کو ایصال ثواب کیلئے محفل گیارھویں شریف کا اہتمام آج بروز جمعرات بعد نماز عشاء دارالعلوم جلالیہ مظہرالاسلام چرچ روڈ کریم پورہ میں ہوگا محفل کا اہتمام امیر مرکزی جماعت اہلسنت لالہ موسیٰ قاری عبدالقیوم جلالی کررہے ہیں محفل میں علامہ مفتی عبدالعلیم جلالی خطیب اعظم گوجرانوالہ خصوصی خطاب کریں گے، محفل میں علاقہ بھر سے علماء اہلسنت اور عوام اہلسنت کی کثیر تعداد شریک ہوگی، قاری عبدالرحیم جلالی ناظم مالیات مرکزی جماعت اہلسنت لالہ موسیٰ کی سرپرستی میں محفل کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک تحفظ اسلام پاکستان خضرت ابوبکرصدیق یونٹ لالہ موسیٰ کا اہم اجلاس
گجرات (جمیل احمدطاہر) تحریک تحفظ اسلام پاکستان خضرت ابوبکرصدیق یونٹ لالہ موسیٰ کا اہم اجلاس 27 ستمبر بروز جمعہ کو ہوگا اجلاس بعد از نماز جمعہ 3 بجے شروع ہو گا، امیر تحریک تحفظ اسلام پاکستان غازی محمد ثاقب شکیل جلالی خصوصی شرکت کریں گے، اجلاس میں مختلف امورکا جائزہ لیاجائے گا، انچارج میڈیا سیل چوہدری فیصل گجر، نوشادخاں جلالی، حافظ عمرحسین عطاری، عدنان خاں جلالی نے اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔