ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں فیکٹری ملازمین کی ہڑتال، احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا، 100 فیکٹریاں بند۔ بنگلہ دیش میں مزدوروں کی کم تنخواہ کیخلاف ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا۔ 100 سے زائد فیکٹریاں بند ہو گئیں۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال گیا۔
ذرائع رپورٹ کے مطابق کم اجرت کیخلاف ہزاروں کی تعداد میں فیکٹری ملازمین گزشتہ پانچ روز سے مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔ مزدوروں نے بدھ کے روز بھی دارالحکومت ڈھاکا سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہ پر گزارہ کرنا مشکل ہوگیا ہے جب تک فیکٹری مالکان اجرتوں میں اضافہ نہیں کرتے ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فیکٹری مالکان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کام کی بندش کے باعث یورپی ممالک اور امریکہ کیلئے بھیجا جانے والا مال تیار نہیں ہوسکے گا۔