کراچی: غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 49 اہلکار معطل

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آگئی۔ بھتہ خوری اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مزید 49 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ دو روز میں معطل کئے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 125 ہو گئی۔ شہر قائد میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کے ساتھ محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔

ایسٹ زون پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں ملوث مزید 38 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق معطل اہلکاروں سے پولیس ہیڈ کوارٹرز سعود آباد میں تفتیش جاری ہے۔ ایسٹ زون میں گزشتہ روز بھی 39 اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا۔ بلدیہ ٹان میں بھی بھتہ خوری اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزم میں 6 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

سٹی ٹان کے مختلف تھانوں میں تعینات ایک افسر اور چار اہلکار بھی معطل کر دئیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق معطل اہلکاروں سے بھتہ خوروں، منشیات فروشوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے ساتھ روابط کی تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ بعض اہلکاروں کے ٹیلی فون ریکارڈ حاصل کر کے شواہد جمع کئے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز ساتھ زون پولیس کے 31 اہلکاروں کو بھتہ خوری اور منشیات فروشی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ 6 اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی حساس اداروں کی معلومات اور پولیس انٹیلی جنس کی جانب سے دئیے جانے والے شواہد کے بعد کی جا رہی ہے۔