بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 348 ہوگئی

 Balochistan Earthquake

Balochistan Earthquake

بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 348 ہوگئی ہے، مشکے کے علاقے میں مکان کے ملبے سے بیس افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں وقفے وقفے سے آفٹر شاکس محسوس کئے جا رہے ہیں۔

آواران، ماشکے، کیچ اور تربت میں شدید زلزلے کے بعد تباہی پھیل گئی۔ ہر طرف چیخ و پکار اور قیامت صغری کے مناظر دکھائی دیئے۔ سب سے زیادہ تباہی آواران میں ہوئی جہاں پچانوے فیصد عمارتیں ملیا میٹ ہو گئیں۔ آواران میں کوئی کچا گھر سلامت نہیں رہا۔ پکے مکانات بھی صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔ آواران میں ڈھائی سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔ ضلع کیچ میں تینتالیس اورتربت میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے۔ کیچ اورتربت میں میں بھی کافی جانی نقصان ہوا۔

خوفناک زلزلے نے آواران کے مکینوں کو دربدر اور مکانوں کو ملبے میں بدل دیا۔ کھانے پینے کی اشیا کی قلت اور پینے کا پانی نایاب اور مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا۔ ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدلقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزارسے بڑھ گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں وقفے وقفے سے آفٹر شاکس محسوس کئے جا رہے ہیں جس سے لٹے پٹے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں اب تک 15 آفٹر شاکس آ چکے ہیں، مزید آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے۔ تاہم ان کی شدت بتدریج کم ہو رہی ہے۔ زلزلہ پیمائی مرکز کے مطابق سب سے شدید آفٹر شاک 5.8 شدت کا تھا۔ زلزلے نے جاہو، کشکور، کولوہ، مالار اور خضدار میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی۔ گزشتہ روز آنیوالا زلزلہ انٹراپلیٹ زلزلہ تھا، زلزلہ انڈین پلیٹ کے اندر فالٹ لائن پر آیا۔