کشمیر کی خبریں 26/9/2013
Posted on September 27, 2013 By Majid Khan میرپور / کشمیر
آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے’سردار جاوید ایوب
مظفرآباد(پی پی سی)آزادکشمیر کے وزیر جنگلات و نائب صدر پیپلز پارٹی سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے بغیر کسی سیاسی وابستگی کے آزادکشمیر کے عوام کو مساوی ترقی کے مواقع میسر کئے جا رہے ہیں بے بنیاد اور جھوٹ کا راگ الاپنے والے عوام کے مسترد شدہ عناصر کو عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی آزادکشمیر کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے شہید بھٹو کے نظریات کے مطابق عوام ہماری اولین ترجیح ہیں آزادکشمیر کو ایک فلاحی ریاست بنا کر عوام کی محرومیاں ختم کرنا ہمارا مشن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹہکہ کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا سردار جاوید ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے موجودہ حکومت نے اپنے قیام کے بعد عوام کی جانب اپنی تمام تر توجہ مرکوز کر رکھی ہے کئی دہائیاں اقتدار پر قابض رہنے والے عوام کیلئے وہ سہولیات نہیں پہنچا سکے جو موجودہ حکومت نے مختصر عرصہ میں دیں انتہائی مختصر عرصہ کے دوران خطہ کو میڈیکل کالجز ، یونیورسٹیاں ، نظام تعلیم میں بہتری اور تعمیر و ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پیپلز پارٹی کی حکومت کے کارنامے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹوٹی اور نلکے کی سیاست کو دفن کر دیا ہے تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے حلقہ ایک میں سڑکیں موت کے کنویں بن چکے تھے جنکی بہتری کیلئے موجودہ دور میں ہونیوالی اقدمات عوام کے سامنے ہیں سب سے زیادہ حادثات ہمارے حلقے میں ہوتے ہیں جسکے ذمہ دار سابقہ دور حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے عناصر ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پانچ سال پورے کئے آزادکشمیر میں عوام کی طاقت سے پانچ سال پورے کرینگے تعمیر و ترقی دیکھ کر شور شرابا کرنے والوں کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں ایسے عناصر اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے، جگہ کی نشاندہی مکمل ہونے پر قبرستان کا معاملہ حل ہونے کی امید ہے
مظفرآباد(پی پی سی)مسلم لیگ( ن) کے رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار علی گیلانی کاچیئر مین ایم سی ڈی پی برگیڈئیر ریاض نو ر کے ہمراہ اپر پلیٹ میں جاری ایم سی ڈی پی سڑک کے تعمیراتی منصوبہ کا دورہ ،ممبر اسمبلی نے عوامی مسائل سے آگاہ کیا بیرسٹر افتخار گیلانی کی نشاندہی پر مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ حکام کی اپر پلیٹ سڑک کے تعمیراتی منصوبہ سے سامنے آنے والے عوامی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے ایم سی ڈی پی چیئرمین برگیڈئیر ریاض نور کو تعمیراتی منصوبہ کے دوران رہائشی مکانوں کا پردہ متاثر ہونے اور دیگر مسائل کی جانب توجہ دلائی اس موقع پر عوام علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ دارالحکومت کے عوام کیلئے قبرستانوں کی جگہ کم پڑ گئی ہے نئے قبرستانوں کی تعمیر کیلئے اتفاق ہو چکا ہے دارالحکومت کے عوام کو قبرستان کیلئے جگہ فراہمی کا عمل جلد مکمل کرنے کیلئے حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے انتظامیہ کی جانب سے جگہ کی نشاندہی مکمل ہونے پر قبرستان کا معاملہ حل ہونے کی امید ہے دارالحکومت کی تعمیر نو کیلئے مظفرآباد کے شہریوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں زلزلہ سے متاثرہ عوام نے شدید مسائل اور اضطراب کی کیفیت میں زندگی گزاری حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے عوام نے بہت مشکل وقت میں نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کے عوام کا منتخب نمائندہ ہوں انکے مسائل اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جا سکتی دارالحکومت کی تعمیر نو کے دوران پیش آنے والے مسائل سے ایم سی ڈی پی حکام کو آگاہ کیا ہے ان میں کمی اور مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے تعمیراتی منصوبے عوام کی سہولت کیلئے ہو تے ہیں انکی وجہ سے عوام کیلئے مسائل پیدا کرنے سے ہر ممکن اجتناب کیا جانا چاہیئے عوام جس قدر ممکن ہو سہولت پہنچائی جانی چاہیئے تعمیر نو کے منصوبوں کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت ، لاپرواہی اور کام کے میعار پر سمجھوتہ نہیں کرینگے منصوبوں سے عوامی مسائل جنم نہیں لینے دینگے ۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے ایم سی ڈی پی حکام کو عوامی مسائل اور منصوبہ سے سامنے آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر حکام نے انہیں حل کرنے اور جلد اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائیـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایس سی او کے اہلکاران نے مقامی پولیس اہلکار کو زدو گوب کرنے کے بعد حراست میں لے کر راولاکوٹ ایکسچینج میں بند کردیا
راولاکوٹ (پی پی سی)ایس سی او کے اہلکاران نے مقامی پولیس اہلکار کو زدو گوب کرنے کے بعد حراست میں لے کر راولاکوٹ ایکسچینج میں بند کردیا ۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات مقامی پولیس شہر میں فرائض منصبی سرانجام دے رہی تھی کہ اس دوران ایک پرائیویٹ گاڑی وہاں سے گزری ظفر نامی پولیس اہلکار نے گاڑی میں سوار افراد کی شناخت مانگی جس پر ان کے اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہو گی اور جھگڑا بھی ہوا جس کے بعد ایس سی او اہلکار نے ایکسچینج سے اپنے ساتھیوں کو بلایاعینی شاہدین کے مطابق ان میں سے بعض کے پاس ڈنڈے اور شٹیرنگ کی پھٹیاں بھی تھیں ان اہلکاران نے جا کر مقامی ہوٹل میں بیٹھے ہوئے ظفر نامی اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے اٹھا کر ایکسچینج لا کر بند کردیا وہاں موجودسول لوگوں بھی ایس سی او کے اہلکاران نے آگے آنے سے روک دیا اس واقع کی اطلاع جب پولیس کو ملی تو ڈی ایس پی فور ی طور پر جائے وقوعہ پہنچے جن کے ایس سی او کے کمانڈنگ آفیسر کے ساتھ مذاکرات کے بعد نصف شب کے بعد زیر حراست پولیس اہلکار کو رہائی ملی ایس سی او کے اہلکاران کا موقف ہے کہ شناخت کے بہانے پولیس اہلکار نے ان سے سروس کارڈ لیا جو لے کر اہلکار بھاگ رہا تھا جس کو پکڑنے باقی ساتھی بھی وہاں آئے جو اس سے پکڑ کر ایکسچینج لائے جبکہ پولیس اہلکار کا موقف تھا کہ پرائیویٹ گاڑی میں سوار ان لوگوں سے جب شناخت طلب کی گئی تو انہوں نے پہلے بدتمیزی کی اور بعدازاں ساتھی بلا کر تشدد کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرپور’ ہائوسنگ سوسائٹی کے ممبران الاٹیاں کی سہولت کے پیش نظر سوسائٹی میں پلاٹ ہا کی منتقلی وقبضہ چٹ پر عائد پابندی کو ختم
میرپور(پی پی سی)آزادکشمیر ریونیوایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی کے ناظم و کمشنرراجہ طارق محمود نے ہائوسنگ سوسائٹی کے ممبران الاٹیاں کی سہولت کے پیش نظر سوسائٹی میں پلاٹ ہا کی منتقلی وقبضہ چٹ پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔ اب ممبران الاٹیاں کو پلاٹ ہا کی منتقلی و قبضہ چٹ کے حصول کی سہولت دستیاب ہے علاوہ ازیں سوسائٹی کے انتظام و دیگر معاملات کی دیکھ بھال اور اکتوبر میں متوقع الیکشن کے لیے افسر مال میرپور راجہ قیصراورنگزیب کو سو سائٹی کا سیکرٹری نامزد کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ برقیات چڑہوئی کا لائن مین سہیل نجیب چوہدری بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق
میرپور(پی پی سی)محکمہ برقیات چڑہوئی کا لائن مین سہیل نجیب چوہدری ڈماس میدہ ٹائون کے مقام پر بجلی کی مرمت کے سلسلہ میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔ اہلیان علاقہ کا حکومت سے غریب محنت کش کے بیٹے سہیل نجیب کے لیے کثیر مالی امداد دینے کا مطالبہ اور دوران ڈیوٹی حادثاتی موت پر فل پنشن کے مطالبہ کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈماس کے غریب محنت کش ٹیلر ماسٹرچوہدری محمد نجیب کا جوان سالہ بیٹا سہیل نجیب جو محکمہ برقیات میں ملازم تھا ڈماس کے مقام پر بجلی کی مرمت کے سلسلہ میں پول پر چڑھا تو کرنٹ لگنے سے گر کر موقع پر جان بحق ہو گیا ۔ موصوف محکمہ برقیات کا ایک ہونہار اور انتھک محنتی اور شفیق ملازم تھا ۔ سہیل نجیب نے اپنی کم عرصہ مدت ملازمت میں محکمہ برقیات اور اہلیان علاقہ میں بڑا نام پیدا کیا ۔ موصوف کے والد ماجد ٹیلر ماسٹر چوہدری محمد نجیب انتہائی غریب آدمی ہیں ۔ اہلیان علاقہ ڈماس نے حکومت آزادکشمیر اور بالخصوص قائمقام وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ برقیات کے لائن مین سہیل نجیب کے خاندان کے لیے کثیرحکومتی مالی معاونت کا اعلان کریں اور سہیل نجیب کی پنشن ترجیحی بنیادوں پر منظوری دیں تاکہ دکھی خاندان کی کسی حد تک حوصلہ افزائی ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزادکشمیر سمیت پاکستان کے کسی بھی علاقے میں کسی کو بھی کرپشن کی اجازت نہیں دیں گے’صدیق الفاروق
میرپور(پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی ترجمان صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف وزیراعظم پاکستان نے قوم کے وسیع تر مفاد میں بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں صوبائی حکومتیں بنانے کی اہلیت رکھنے کے باوجود دیگر سیاسی قوتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں حکومتیں بنانے کا موقع دیا۔ آزادکشمیر میں وقتی طو ر پر تحریک عدم اعتماد میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبران اسمبلی کو حصہ لینے سے روکا گیا ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم آزادکشمیر کے معاملات پر نظر نہیں رکھتے آزادکشمیر سمیت پاکستان کے کسی بھی علاقے میں کسی کو بھی کرپشن کی اجازت نہیں دیں گے ۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر راجہ فارو ق حید ر خان اور تمام ممبران قانون ساز اسمبلی جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے فیصلوں کی روشنی میں تحریک عدم اعتماد میں حصہ نہیں لیا اس سے جماعتی ڈسپلن اور ہماری اس سوچ کی عکاسی ہوتی ہے کہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے ہم اصولوں کو قربان نہیں کر سکتے۔اپنے ایک انٹرویو میں صدیق الفاروق نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کشمیر کی آزادی کے حوالے سے انتہائی شفاف ذہن ،پالیسی اور مستقبل کی سوچ رکھتے ہیں کشمیریوں نے پاکستان کی خاطر اپنے خون سے وہ بے مثال داستان لکھی ہے جسے دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔آزادکشمیر کو آزادی کا بیس کیمپ ہونا چاہیے اور یہاں کی سیاسی جماعتوںکو کرپشن کے حوالے سے اپنا دامن صاف رکھنا ہو گا موجودہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور ان کی کابینہ پر ان کی اپنی جماعت کے سینئر ترین راہنما سابق وزیراعظم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری او ر وزراء نے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا اور بیرسڑ سلطان محمود چوہدری متعدد مواقع پر چوہدری عبدالمجید اینڈ کمپنی کی اربوں روپے کی کرپشن کے دستاویزی ثبوت بھی پیش کر چکے ہیں آزادکشمیر کے چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل اور دیگر انتظامی مشینری کی ذمہ داریوں میں یہ بات شامل ہے کہ وہ مالیاتی ڈسپلن قائم کریں اور پاکستان کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشیروں اور کوارڈینٹر ز کی فوج ظفر موج کو کنٹرول کریں ۔اس حوالے سے پیپلزپارٹی کو بھی سوچنا چاہیے یہ الزام غلط ہے کہ ہم نے صدر پاکستان کے انتخاب کے موقع پر کسی قسم کی سودے بازی کرتے ہوئے آزادکشمیر میں تحریک عدم اعتماد کو ناکام کیا ہے ۔مستقبل میں کوئی بھی بڑا فیصلہ کیاجا سکتا ہے کرپشن ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرنسپل گورنمنٹ کالج میرپور کے جانب سے کی گئی مبینہ غلط بیانی سے شدید ترین اشتعال پھیل گیا
میرپور(پی پی سی) آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے پرنسپل گورنمنٹ کالج میرپور کے جانب سے کی گئی مبینہ غلط بیانی اور تاریخی حقائق کو جھٹلانے کے حوالے سے شدید ترین اشتعال پھیل گیا ۔آزادکشمیربھر کے سیاسی سماجی اور تعلیمی حلقوں میں حقائق کے سامنے آنے پر شدید ترین تشویش پائی جاتی ہے میڈیا پر روا ں ہفتے آنے والی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا فیس بک پر ڈاکٹر عارف پرنسپل گورنمنٹ کالج میرپور تحریک پاکستان کے نامور سپاہی اور عالمی شہرت یافتہ سکالر ڈاکٹر فتح ملک کی علامہ اقبال اور کشمیر کے حوالے سے منعقد تقریب میںکشمیر اور پاکستان کے رشتوں اور قائدا عظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دینے کو واضح طور پر جھٹلاتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی چالیس سالہ تحقیق کے مطابق قائداعظم نے کبھی بھی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ نہیں کہا ۔آزادکشمیر اورپاکستان بھر کے سیاسی سماجی علمی و ادبی حلقوں نے ڈاکٹر عارف کی طرف سے جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی یہ بیان دینے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور مقتدر پالیسی ساز حلقوں سے اصلاح احوال اور تادیبی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ان حلقوں کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ کالج میرپور کے پرنسپل کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کے متعلق تضحیک آمیز گفتگو ناقابل برداشت ہے ڈاکٹر عارف کی جانب سے کشمیر کے متعلق قائداعظم محمد علی جناح کے واضح بیانات اور سوچ کی نفی کرنا نئی نسل کے ذہنوں میں پاکستان اور قائداعظم محمد علی جناح کے متعلق نفرت پھیلانے کی ایک سوچی سمجھی سازش لگ رہی ہے۔ صدر ، وزیراعظم، چیف سیکرٹری، وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سمیت تمام ذمہ دار اداروں سے ہم گزارش کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عارف پرنسپل گورنمنٹ کالج میرپور کے ان بیانات اور سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور شفاف تحقیقات کروا کے اصلاح احوال کی جائے۔ ”سروشینز ”کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سی ایم حنیف نے گورنمنٹ کالج کے طلباء کے وفد سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے صدر وزیراعظم آزادکشمیر ،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری تعلیم سے پرنسپل ڈاکٹر عارف کے خلاف انضباطی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ وفد میں سابق چیف پراکٹر شعبہ اردو راشد محمود، رائوف یعقوب مہر، مسعود حسین، احسن محمود، ولید بن خالد، سہیل اسلم، عرفان شاکر، محمد دانش، محمد اسماعیل، بختوار اور عدنان مشکور کے علاوہ طلباء کی بہت بڑی تعداد شامل تھی ۔ طلباء نے ڈاکٹر سی ایم حنیف کے علاوہ صدر سروشینز چوہدری محمد سعید سے بھی ملاقات کی اور گورنمنٹ کالج میرپور میں ہونے والی پاکستان مخالف سرگرمیوں اور ڈاکٹر عارف خان پرنسپل ادارہ کی جانب سے تضحیک آمیز گفتگو کے متعلق اپنی تشویش ظاہر کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سی ایم حنیف نے کہا کہ گذشتہ ساٹھ سالوں کے دوران کشمیری مسلمانوں نے ”پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ” کی خاطر لاکھوں شہیدوں کی صورت میں قربانیاں دی ہیں اور آج ڈاکٹر عارف گورنمنٹ کالج میرپور میں بیٹھ کر کھلے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سے کشمیریوں کے رشتے کی نفی کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی دستاویزات میں محفوظ بیانات ہی کی نفی کر رہے ہیں۔ یہ ایک سوچی سمجھی سازش دکھائی دیتی ہے۔ ذمہ دارادارے معاملہ درست کریں وگرنہ حالات بگڑنے کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔ ہم کسی بھی پاکستان مخالف بات سننے کے روادار نہیںہیں۔ گورنمنٹ کالج میرپور کے طلباء سابق چیف پراکٹر شعبہ اردو راشد محمود، رائوف یعقوب مہر، مسعود حسین، احسن محمود، ولید بن خالد، سہیل اسلم، عرفان شاکر، محمد دانش، محمد اسماعیل، بختوار اور عدنان مشکورسمیت دیگر نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور سیکرٹری تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ کالج میرپور کے پرنسپل ڈاکٹر عارف خان کی طرف سے قائداعظم محمد علی جناح مخالف بیانات کا نوٹس لیا جائے اس وقت سوشل میڈیا اور فیس بک پر پرنسپل کا بیان ویڈیو کی شکل میں موجود ہے جس میں وہ انتہائی لاپرواہ انداز میں قائداعظم کے بیانات کی نفی کر رہے ہیں طلباء نے تشویش کاا ظہار کیا کہ گورنمنٹ کالج میرپور جیسے تاریخی ادارہ میں ڈاکٹر عارف خان جیسے نظریات رکھنے والے لوگوں کی موجودگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے زہر قاتل ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لیے اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کروائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں کو بھارت کی گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کریں
میرپور(پی پی سی)ممتاز کشمیری لیڈر آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں جاری آزادی کی تحریکوں کو اقوام متحدہ نے تسلیم کیااور وہاں کے عوام کی آزادی کیلئے اپنا اثرورسوخ بھی استعمال کیا ،کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے لاکھوں شہداء کی قربانی دی اور اب بھی حق خودارایت کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس لیے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ کشمیریوں کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیرکو بھی مبصر ریاست کا درجہ دے تاکہ کشمیر ی آزادی کیلئے عالمی فورم میں اپنا موقف پیش کرسکیں۔ آزادکشمیر سیکٹر میں بھارتی افواج کی طرف سے بلا اشتعال گولہ باری اور شہری آبادی پر مسلسل فائرنگ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں کو بھارت کی گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کریں اور شہری آبادیوں پر گولہ باری پر بھارت کے خلاف اقدامات کریں ۔بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ بین الاقوامی چارٹر کی خلاف ورزی اور ہیومن کرائم ہے ۔ اقوام متحدہ ابزورر مشن کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں پر گولہ باری فائرنگ سے بھارت کو باز رکھے اور شہری آبادیوں کو گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کرے ۔ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنماء جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین ہمایوں زمان مرزا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے کنٹرول لائن پر آباد شہریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ وہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے خوف و ہراس پھیلانے کے تمام ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہو تے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمہ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ آزاد خط کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تحریک آزادی کے کسی بھی لمحے اپنی تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیں گے ۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کی منزل ہے ۔ منزل کے حصول تک کشمیریوں کی جد وجہد کو سرد نہیں کیا جا سکتا ۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کے مسئلے پر تین جنگیں بھی ہوئیں اور سینکڑوں مزاکرات بھی ہوئے لیکن مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں تلاش کیاجاسکا ضرورت اس امر کی ہے کہ جموں کشمیر کے مظلوم اورمحکموم عوام کے بنیادی اور پیدائشی حق آزادی کیلئے ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نئے امکانات کی تلاش پر گہرے سوچ وبچار کی ضرورت ہے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہمایوں زمان مرزا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر قتل غارت کا بازار گرم کررکھاہے روزانہ کشمیری حریت پسندوں کو گھروں سے اُٹھا کر ازیت خانوں اور عقوبت خانوں میں منتقل کرکے انہیں بدترین تشد دکانشانہ بنایاجاتاہے بھارت کی اس ننگی جارحیت سے مقبوضہ وادی کے جرات مند کشمیریوں کا حوصلہ کمزور نہیں ہوگا اور نہ وہ بھارتی درندوں کے آگے جھکیں گے ۔ کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق حق خودارادیت کیلئے پاس کی جانے والی اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں پر فوری عمل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول چڑالہ کا انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ 100 فیصد رہا
مظفرآباد(پی پی سی)گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول چڑالہ کا انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ 100فیصد رہا ۔ پرنسپل سٹاف کوعوام علاقہ کی مبارکباد۔ حکومت اچھے نتائج دیکھانے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرے۔ تعلیمی حلقوں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گرلز ہائیر سیکنڈری سکول چڑالہ کا انٹرمیڈیٹ کا نتیجہ 100فیصد رہا۔ ایف اے سال دوئم کے امتحان میں کل دس طالبات شامل ہوئی ۔دس کی دس اچھے نمبروں کے ساتھ کامیاب ہوئیں۔اس طرح ہائیر سکینڈری سکول چڑالہ کا انٹرمیڈیٹ کا نتیجہ 100فیصد رہا۔ ہائیر سکینڈری سکول چڑالہ میں اچھا تعلیمی ماحول قائم کرنے اور بہتر نتائج دیکھانے پر عوام علاقہ ،تعلیمی،سیاسی وسماجی حلقوں نے پرنسپل اور سٹاف کو مبارکباد دی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بہتر نتائج دیکھانے والے اداروں کی حکومت حوصلہ افزائی کرے۔ عوام علاقہ نے پرنسپل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محترمہ تنویر کوثر نوابی کی ترقیابی بطور ڈویژنل ڈائریکٹر میرپور ڈویژن میرپور خوش آئند ہے’جمشید حسین چوہدری
میرپور(پی پی سی) محترمہ تنویر کوثر نوابی کی ترقیابی بطور ڈویژنل ڈائریکٹر میرپور ڈویژن میرپور پر جمشید حسین چودھری کی مبارک باد۔ جمشید حسین چودھری نے کہا کہ محترمہ تنویر کوثر نوابی کی ترقیابی بطور ڈویژنل ڈائریکٹر میرپور ڈویژن میرپور خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ تنویر کوثر نوابی ایک بہترین آفیسر ہیں ان کی تعیناتی سے محکمہ میں پائی جانے والی خرابیاں دور ہوں گی ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محترمہ تنویر کوثر نوابی اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ کی ترقی میں اہم رول ادا کریں گی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com