کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن لائر ونگ کے نائب صدر اور سینئر وکیل نعمت علی رندھاوا ایڈوکیٹ کے قتل کے خلاف وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث کراچی کی عدالتوں میں سناٹا چھایا رہا۔ نعمت علی رندھاوا ایڈوکیٹ کو گذشتہ روز نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ دفتر سے گھر جا رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انکے بیٹے توقیر رندھاوا بھی شدید زخمی ہوئے۔
ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف وکلا سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے کراچی کی کسی بھی عدالت میں مقدامات کی سماعت نہیں ہونے دی۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث جیل حکام نے بھی قیدیوں کو عدالت نہیں بھیجا۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں بھی عدالتی امور معطل کر دیئے گئے جس کی وجہ سے ہائی کورٹ میں بھی مقدمات کی سماعت معطل رہی۔