پشاور : مساجد، امام بارگاہ اور چرچ کی سیکیورٹی سخت، مشنری ادارے بند

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں نماز جمعہ کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ کوہاٹی گیٹ گرجا گھرپر خود کش حملوں کے چھٹے روز بھی شہر کی فضا سوگوار اور تمام مشنری تعلیمی ادارے بند ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کینٹ اور اندرون شہر کی تمام بڑِی مساجد پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی نگرانی سخت کردی گئی ہے، پولیس کے گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ پشاور کینٹ اور اندرون شہر مختلف مقامات پر گرجا گھروں، مندروں اور گوردواروں پر پولیس نفری بڑھا دی گئی ہے۔

کوہاٹی گیٹ گرجا گھر کے اطراف میں بھی پولیس اہلکار تعینات ہیں اور واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب کوہاٹی گیٹ کے آل سینٹ چرچ آف پاکستان پر دہشت گرد حملوں کے چھٹے روز بھی مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات جاری ہیں، پولیس کی بھاری نفری آج بھی گرجا گھر پر تعینات ہے۔ مشینری تعلیمی ادارے بند ہیں تاہم ارد گرد کی مارکیٹیں اور دکانیں کھل گئی ہیں۔

خودکش حملوں کے 50 سے زیادہ زخمی شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کمشنر پشاور صاحبزادہ محمد انیس کے مطابق خودکش حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 84 ہوگئی ہے، تاہم بشپ پشاور ہیمفری سرفراز پیٹر کے مطابق دہشت گرد حملے میں 142 افراد ہلاک ہوئے، جن کی فہرست جلد صوبائی حکومت کو فراہم کی جائے گی۔