بلبل ہندوستان لتا منگیشکر 84 سال کی ہو گئیں

Lata Mangeshkar

Lata Mangeshkar

ہندوستان (جیوڈیسک) ہندوستان کی نامور گلوکارہ لتا منگیشکر آج 84 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ سروں کی ملکہ لتا منگیشکر اٹھائیس ستمبر انیس سو انتیس کو بھارت کے شہر اندور میں پیدا ہوئیں۔ انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز انیس سو بیالیس میں مراٹھی زبان میں گانا گا کر کیا۔ سات دہائیوں پر محیط کیریئر میں لتا نے پچاس ہزار سے زائد گانے گائے۔

ان کے مقبول ترین گیتوں میں آئے گا آنے والا، او سجنا برکھا بہار آئی، آجا رے پردیسی، اتنا نہ تو مجھ سے محبت بڑھا، سماں ہے یہ محبت کا، نام گم جائے گا چہرہ یہ بدل جائے گا قابل ذکر ہیں۔ انیس سو ساٹھ میں فلم مغل اعظم کیلئے ان کے گائے ہوئے گیت آج زبان زد عام ہیں۔ 1974 سے 1991 تک سب سے زیادہ گانوں کی ریکارڈنگ پر ان کا نام، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کر لیا گیا۔

لتا نے نرگس، مینا کماری، وحیدہ رحمان، مدھو بالا، وجنتی مالا، ایشو ریا اور کرینہ جیسی ہیروئنوں کے لئے گیت گائے۔ لتا کو بے شمار ایوارڈز ملے۔ ان کے پاس بھارت کا سب سے بڑا سویلین اعزاز بھارت رتنم بھی ہے۔ وہ بھارت کی دوسری گلوکارہ ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔