جماعة الدعوة چکوال کے امیر مولانا عبداللہ نثارنے پاکستانی قوم اور امدادی اداروں سے بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کی

چکوال : جماعة الدعوة چکوال کے امیر مولانا عبداللہ نثار نے پاکستانی قوم اور امدادی اداروں سے بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ آواران، تربت، پنجگور اور دیگر علاقوں میں زلزلہ سے لوگوں کے گھر تباہ اور مساجد شہید ہو گئی ہیں۔ سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں ہوئے ہیں۔ متاثرین کی بہت بڑی تعداد اس وقت پاکستانی قوم کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ متاثرین زلزلہ کو خوراک، ادویات، خیموں و دیگر اشیاء کی اشد ضرورت ہے۔ جماعةالدعوة کے امدادی رضاکار اور میڈیکل ٹیمیںزلزلہ متاثرہ علاقوں میںبھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ زلزلہ سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی ہو ئی ہے۔

زلزلہ متاثرہ بھائیوں کی مدد کیلئے پوری قوم کو ایثار و قربانی کے جذبہ سے آگے بڑھنا ہو گا، کارکنان امدادی سرگرمیوں کو مزید منظم کریں اور متاثرین کے معمولات زندگی بحال کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔ متاثرہ بھائیوں کو بروقت خوراک، رہائش و دیگر سہولیات فراہم کرناسب پر فرض ہے۔ زلزلہ سے ہزاروں افرادبے گھر ہوئے ہیں اور کھلے آسمان تلے پڑے ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ ان حالات میں متاثرین زلزلہ کی مدد سے کسی صورت پیچھے نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر کسی کو آگے بڑھ چڑھ کر اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کا حق ادا کیا ہے۔

اب جبکہ زلزلہ سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد خدمت انسانی کے جذبہ سے آگے بڑھیں اور متاثرہ بھائیوں کا کھل کرساتھ دیں ۔ مولانا عبداللہ نثارنے کہا کہ جماعةالدعوة کی طرف سے متاثرین میں پکی پکائی خوراک تقسیم کی جارہی ہے اور متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک ہر ممکن امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔