بلوچستان میں 7.2 شدت کا پھر زلزلہ، 4 افراد جاں بحق، درجنوں گھر منہدم

Balochistan quake

Balochistan quake

کوئٹہ (جیوڈیسک) کراچی کوئٹہ، آواران، کراچی، لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں 7.2 شدت کے نئے زلزلے میں4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ نئے جھٹکوں سے مشکے میں تباہی ہوئی، امدادی کارروائیاں جا ری ہیں تاہم یہ سست روی کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز آواران سے 96 کلو میٹر دور اور 14.8 زیر زمین تھا۔

جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ان کی شدت 6 اعشاریہ آٹھ تھی۔ جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں کراچی، کوئٹہ، لاڑکانہ، دادو، سکھر، جیکب آباد، خیرپور، پڈ عیدن، خضدار، سبی ،خاران، مستونگ اور قلات شامل ہیں۔ زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیااور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔

چوبیس ستمبر کو آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والے ضلع آواران کو اس میں بھی نقصان ہوا۔ ڈی سی آواران رشید بلوچ کے مطابق ضلع آواران کے علاقے مشکے کے گاوں نوک جو میں تمام مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ ملبے تلے دبے 4 افراد کو نکال لیا گیا۔

جبکہ اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے کوششیں جا ری ہیں، ڈی سی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے آواران میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ زلزلے کے باعث بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ آواران کے ھسپتال میں زیر علاج مریض، ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان زلزلہ آتے ہی باہر نکل آئے۔