کراچی (جیوڈیسک) مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کر کے بھتہ خور اور ٹارگٹ کلرز سمیت اکتالیس ملزمان کو حراست میں لے کر بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری طرف فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ رینجرز نے گزشتہ رات شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے اکتالیس جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ملزمان میں بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز، بینک ڈکیتی ، گینگ وار میں ملوث سیاسی جماعتوں اور کالعدم تنظیموں کے کارندے شامل ہیں جن کے قبضے سے ایس ایم جی، دستی بم، راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ ادھر سرجانی ٹان میں کے ڈی اے فلیٹس کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں اسٹیٹ ایجنسی کا مالک عمیر جاں بحق ہو گیا۔ گلشن اقبال کے علاقے سفاری پارک کے قریب فائرنگ سے کاشف حسین جان کی بازی ہار گیا۔ بلدیہ ٹان کے علاقے بدنی میں پولیس مقابلے میں ملزم آصف عرف ملا کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے کلاشنکوف اور پستول برآمد ہوئی جو دس سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے۔