عفریہ ڈیزاسٹر سیل ویلفیئر ایسوسی ایشن JDC’ بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کی مدد سے بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کرے گی

کراچی : جعفریہ ڈیزاسٹر سیل ویلفیئر ایسوسی ایشن JDC’ بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کی مدد سے بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کرے گی۔ یہ بات جے ڈی سی کے جنرل سیکرٹری سید ظفر عباس نے بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر عادل بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن گوادر کے تین رکنی وفد نے جے ڈی سی کے مرکز ی دفتر کا دورہ کیا۔

وفد میں عادل بلوچ کے ساتھ امید علی اور عارف بلوچ بھی موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقوں آواران’ ڈھاڈر’ تربت’ گوادر ‘ مشکے میں زلزلے سے زیادہ تباہی ہوئی ہے اور ان علاقوں میں لوگ ابھی تک کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ لوگوں نے اپنے پیاروں کی میتیں بغیر کفن کے دفنا دیں ہیں۔ جے ڈی سی متاثرہ علاقوں میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء فراہم کرے گی جس میں راشن کپڑے خیمے’ ادویات شامل ہیں’ یہ تمام سامان جے ڈی سی بلوچ ویلفیئر آرگنائزیشن کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرے گی۔