پشاور دھماکا، ایک ہی خاندان کے 18 لقہ اجل بن گئے

Peshawar Blast

Peshawar Blast

پشاور (جیوڈیسک) پشاور دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد بھی شامل ہیں۔ بدقسمت خاندان رشتے داروں کو شادی کی دعوت دینی اور خریداری کرنے پشاور گیا تھا۔ پشاور میں برپا ہونے والی قیامت صغری نے کئی زندگیوں کے چراغ گل کردیے۔ ان میں چارسدہ کا رہائشی ایک بدنصیب خاندان ایسا بھی تھا جورشتے داروں کو شادی کی دعوت دینے اور خریداری کرنے پشاور آیا تھا۔

اپنے پیاروں کی موت پرصدمے سے نڈھال یہ دل راج خان ہے، جس کی 25 اکتوبر کو شادی تھی، لیکن دہشت گردی کی آگ نے ساری خوشیاں جلا ڈالیں، دھماکے میں اس کی ماں، بھائی، تین بہنوں سمیت خاندان کے 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تمام افراد کی تدفین مٹہ مغل خیل کے قبرستان میں کردی گئی ہے۔