سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے با وجود حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی

اسلام آباد : سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ ان خیالات کا ظہار سید بلال، انجم عقیل، الیاس مہربان، رضوان صادق، بابر منہاس، چوہدری شفیق، منور مغل، ملک اورنگزیب، اسلم ضیائی، خالد چوہدری، احسان اللہ ،انور سلطان اور عاشق حسین پر مشتمل اسلام آباد کے سیاسی، سماجی،مذہبی اور تاجر برادری کے نمائندوں نے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے لیے جلد از جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر سے کام  نہ لے۔

اجلاس میں شریک رہنمائوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں جرائم روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں اور لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف تبھی مل سکے جب اسلام آباد میں مقامی حکومت قائم کر کے اقتدار نچلی سطح تک پہنچایا جائے۔ نچلی سطح تک جمہوریت کی منتقلی سے ہی معاشرتی ترقی،ملک کی ترقی اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔