ذہنی و فکری تربیت ہی پختہ نظریات کی مضبوطی کا باعث ہے : محمد زبیر صفدر

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ ذہنی و فکری تربیت ہی پختہ نظریات کی مضبوطی کا باعث ہے۔ جمعیت کے ذمہ داران کو جمعیت کے قیام کے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یونیورسٹیز کے ذمہ داران کے لئے منعقد کی گئی آئیڈیا انیوویشن ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان کے معاشی، معاشرتی اور سیاسی نظام کو بگڑنے سے بچانا ہوگا۔

سازشوں کے ذریعے تعلیمی اداروں کو ویران اور تعلیم کو غریب طلباء سے دور کیا جارہا ہے ان سازشوں کے مقابلے کے لیے ہمیں جدید معاشرے کے مطابق تربیت کے نئے ذرائع مرتب کرنے ہونگے۔ انہوں نے ذمہ داران جمعیت کو ہدایات دیں کہ نظریات کی پختگی وقت کی اہم ضرورت ہے اس لیے قرآن اور تحریک اسلامی کے لٹریچر سے رشتہ مضبوط کیا جائے اور طلباء کی خدمت کو بنیادی مقصد بنایا جائے، تعلیمی اداروں میں جمعیت کی کاوشوں اور اخلاق کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ود روزہ آئیڈیا انیوویشن ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی جس میں ایک سو سے زائد ناظمین نے شرکت کی۔اس ورکشاپ میں معروف سکالر ڈاکٹر خالد رحمان، شاہد ہاشمی، اختر عباس، ڈاکٹر مستفیض علوی، حسن صہیب مراد اور دیگر تعلیمی شخصیات نے لیکچرز دئیے۔

جبکہ معروف یوتھ ٹرینرز نے خصوصی ورکشاپس کراوئیں۔ مہمانان نے مستقبل کے چیلنجز سے نبر د آزما ہونے کے لئے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تیزی سے چلنے پر زور دیا۔ طلبہ کی جانب سے ورکشاپ کے عمل کو سراہا گیا۔ اختتام پر ادارہ مطبوعات طلبہ کا بک سٹال بھی لگایا گیا جس میں رعائتی شرح پر طلبہ کو کتب فراہم کی گئیں۔