پی آئی اے ملازمین کے مستقبل کو تحفظ دیا جائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی اے کے مستقبل کا فیصلہ کرتے وقت ادارے کے دیرینہ ملازمین کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور ادارے کے ملازمین کے مکمل اعتماد کے ساتھ پی آئی اے کی آئندہ پالیسی وضح کی جائے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ پی آئی اے کی مکمل یا جزوی طور پر نجکاری کی جارہی ہے، یہ اطلاع ادارے کے ملازمین پر آسمانی بجلی کی طرح گری ہے اور ان کے دن چین اور رات کا سکون غارت ہوگیا ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری کی اطلاع سے ادارے کے ملازمین میں گہری تشویش پائی جاتی ہے کہ کہیں ان کی برسوں کی ملازمت نجکاری کی نذرنہ ہو جائے اور ان کی زندگی بھر کی ریاضت تباہی کا شکارنہ ہوجائے۔ الطاف حسین نے کہاکہ حکومت ،خسارے کا شکار سرکاری اداروں کو منافع بخش اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے جوبھی مثبت حکمت عملی وضح کرے گی، ایم کیو ایم اس کی حمایت کرے گی تاہم ایسے اداروں کے دیرینہ ملازمین کے معاشی مستقبل کا ہرصورت میں تحفظ کیا جانا چاہئے۔