واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ اٹھارہویں مرتبہ اقتصادی شٹ ڈائون کا شکار ہو گیا ہے،شٹ ڈائون کا اعلان وائٹ ہائوس کی جانب سے کیا گیا۔
امریکی صدر براک اوباما کے ہیلتھ کیئر پلان پر حزب اختلاف اور حکومت میں اختلافات برقرار رہنے کی وجہ سے لاکھوں وفاقی کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں۔ صرف امریکی فوج کو تنخواہ ملے گی۔ سینٹ نے ایوان نمائندگان کے منظور کردہ بجٹ بل اور ایمرجنسی فنڈنگ بل کو مسترد کر دیا۔ڈیموکریٹ اراکین کی اکثریت والے سینیٹ میں ایوان نمائندگان کے پاس ایمرجنسی فنڈنگ بل کے خلاف 54 جبکہ حق میں 46 ووٹ ڈالے گئے۔
ایوان نمائندگان کے پاس شدہ بلوں میں اوباما انتظامیہ کے ہیلتھ کیئر پلان کو مزید محدود کرنے کی تجویز تھی۔سینیٹ نے ترامیم شدہ بل بھی مسترد کر دیا ہے ۔ شٹ ڈائون ہونے کی وجہ سے متعدد سرکاری اداروں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ صدر اوباما ری پبلکن اکثریت والے ایوان نمائندگان، سے بل منظور کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔