بینظیر قتل کیس میں متفرق درخواست دائر، سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی

Benazir murder case

Benazir murder case

راولپنڈی (جیوڈیسک) بینظیر قتل کیس میں متفرق درخواست دائر، درخواست گزار اختر شاہ کہتے ہیں صدر مملکت کو استثنی حاصل ہوتا ہے، بینظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کو براہ راست ملوث نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ بینظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج حبیب الرحمن نے کی، ایڈووکیٹ اختر شاہ کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق ایوان صدر کو استثنی حاصل ہوتا ہے، اس لیے بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو براہ راست ملوث نہیں ٹھہرایا جا سکتا، پراسیکیوٹر ایف آئی اے چودھری اظہر نے کہا کہ اختر حسین ایسی درخواست دینے کے مجاز نہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کس فریق کی جانب سے پیش ہوئے ہیں۔ اس پر اختر شاہ نے کہا کہ کسی فریق سے تعلق نہیں صرف عدالت کی معاونت اور رہنمائی کیلیے آیا ہوں اس پر عدالت نے کہا کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بحث کی جائے، اختر شاہ کی درخواست پر سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔