یمن (جیوڈیسک) یمن کے شہر موکلا میں مسلح افراد نے ملٹری بیس پرقبضہ کرلیا۔ حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد یرغمال بنالئے گئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق یمن کے شہر موکلا میں فوجی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے پہلے ملٹری بیس کے داخلی راستے کو دھماکہ خیز گاڑی کی مدد سے اڑایا۔ جس کے بعد دیگر عسکریت پسند بیس میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حملے میں تین اہلکار مارے گئے جبکہ درجنوں یرغمال بنالئے گئے۔ حملہ میں القاعدہ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کی تعداد کی تصدیق نہیں کی جاسکتی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بیس کو گھیرے میں لے کر کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔