آواران (جیوڈیسک) بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے پاک فوج کے جوان تمام تر مصائب کے باوجود امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ 24 ستمبر 2013 بلوچستان کے ہولناک زلزلے نے ہزاروں زندگیاں خاموش اور سینکڑوں مرد، خواتین بچوں اور بزرگوں کو گھر کی چار دیواری سے محروم کر دیا ہے۔
زلزلے کے بعد علاقے کو غزائی قلت اور وبائی امراض سے بچانے کے لیے پاک فوج کے تین ہزار سے زائد جوان صوبے کے ان دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بلوچ بھائیوں کی امداد میں مصروف عمل ہیں۔ آواران، ملہار اور لباچ سمیت متعدد ایسے متاثرہ علاقے ہیں جہاں پاک فوج نے سات ریلیف کیمپس قائم کر دئیے ہیں۔
ان کیمپوں میں زلزلہ متاثرین کو ادویات اور زیر علاج زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بلوچستان کے جن علاقوں میں سیکورٹی کے پیش نظر امدادی کاروائیوں سمیت ملبہ ہٹانے کا کام شروع نہیں ہو سکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ان علاقوں میں بھی پاک فوج جلد از جلد امدادی سرگرمیاں شروع کر کے زلزلے متاثرین کی ہر ممکن امداد کرے گی۔