ملک بھر میں ڈینگی کی دہشت برقرار ہے۔ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد دو سو پچپن ہو گئی۔
ڈینگی کا وائرس تاحال بے قابو ہے اور انسانی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ لاہور کے گنگارام، سروسز اور میو اسپتالوں میں پانچ نئے کیسز رجسٹرڈ ہونے کے بعد پنجاب بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد دو سو پچپن ہو گئی جبکہ مشتبہ کیسز کی تعداد پانچ ہزار کے لگ بھگ ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ یہاں ایک ہزار چار سو پچاس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں سے ایک ہزار دو سو پچیاسی کیسز صرف کراچی میں سامنے آئے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد دو سو ہو گئی ہے۔ جس کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ قائم کر دیئے گئے ہیں۔