کراچی (جیوڈسک) کراچی پولیس نے وکیل نعمت علی رندھاوا کے قاتل کو گرفتار کر لیا، ملزم کاظم عباس رضوی کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ رینجرز کے ترجمان کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کا کہنا تھا کہ وکیل نعمت علی رندھاوا کے قتل میں ملوث ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کا نام کاظم عباس رضوی ہے جس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ نمبر 178 سے ہے۔
ملزم نے وکیل نعمت علی رندھاوا سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف کیا۔ ملزم سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ وکیل نعمت علی رندھاوا مقامی نیوز چینل کے صحافی ولی خان بابر کے کیس کی پیروی کر رہے تھے۔ نعمت علی رندھاوا کا قتل فرقہ وارانہ نہیں بلکہ سیاسی ہے۔ ملزم کے ساتھ واردات میں اس کے 4 ساتھی بھی ملوث ہیں۔
انہوں نے واضع کیا کہ ہماری کارروائی کسی ایک جماعت کیخلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہے۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جس میں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ کراچی کے عوام جرائم پیشہ عناصر کے ستائے ہوئے ہیں۔ پچھلے 23 سالوں کا گند صاف کرنے میں وقت لگے گا۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ کل ہو سکتا ہے کہ مجھے مار دیا جائے، مگر یہ میرا کام ہے۔ میں اسی چیز کی تنخواہ لیتا ہوں۔