نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ان سے نیویارک میں ملاقات میں پاک بھارت تعلقات کے متعلق جو باتیں کہیں، درست کہیں، میری دعا ہے کہ وہ اپنے ارادوں میں کامیاب ہوں۔
نیویارک سے نئی دلی واپسی پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ پاک بھارت تعلقات کے بارے میں انتہائی پر امید نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات معمول کی سطح پر آنا شروع ہورہے ہیں اور پہلے قدم کے طور پر کنٹرول لائن پر امن ضروری ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کے بارے میں اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کے خیالات سے وہ متفق ہیں اور دعا گو ہیں کہ پاکستانی وزیر اعظم اپنے ارادوں میں کامیاب ہوں۔