ایبٹ آباد (جیوڈیسک) میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایس پی سمیت 5 اہلکار زخمی ہو گئے، 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن کیبعد ہری پور جیل سمیت ہزارہ ڈویژن میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ایبٹ آباد کے علاقے مانگل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔
اس موقع پر پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ایس پی فیصل سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جن میں ڈی ایس پی، ایس پی، سب انسپکٹر اور 2 اہلکار شامل ہیں۔ مانگل کے علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ دہشت گرد وں کوگرفتار کر کے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا گیا۔ مانگل میں سرچ آپریشن کے باعث ہزارہ ڈویژن میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ مانسہرہ میں بھی اہم دفاتر، حساس اداروں کے دفاتر اور ہری پور جیل کی سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔