عالمی برادی ڈرون حملے بند کروانے میں مدد کرے : سرتاج

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکو مت کوئی ایسی چیز برداشت نہیں کرسکتی جو ملک کی خودمختاری کیخلاف ہو۔ اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کا معاملہ موثر انداز میں اٹھایا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی ڈرون حملوں کو عالمی انسانی قوانین کے خلاف قرار دے چکے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خود بھی ڈرون حملوں کو عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جبکہ موجودہ حکومت کوئی ایسی چیز برداشت نہیں کر سکتی جو ملک کی خود مختاری کے خلاف ہو۔ سرکاری ریڈیو کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کا معاملہ موثر انداز میں اٹھایا ہے جس کا مقصد امریکہ پر پالیسی بدلنے کیلئے عالمی رائے عامہ کا دبا ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں زور دیا ہے۔

کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں یہ معاملہ اٹھایا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اگر اسے انسانی حقوق کے تحفظ کی پرواہ ہے تو وہ یہ حملے بند کرانے میں مدد کرے۔ ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا سابق صدر پرویز مشرف نے ایک بار کہا تھا کہ ڈرون حملوں پر امریکہ سے زبانی سمجھوتہ ہے لیکن موجودہ حکومت کوئی ایسی چیز برداشت نہیں کر سکتی جو ملک کی خود مختاری کے خلاف ہو۔