بالی ووڈ فلم ستیا ٹو کا ٹائٹل سونگ اور پرومو جاری

Sstya 2

Sstya 2

ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی این جی ٹی 1998 میں انڈر ورلڈ گینگسٹر پر بننے والی بلاک بسٹر فلم ستیا کاسیکوئل بہت جلد سینما گھروں کی زینت بننے جارہا ہے جس کے دو گانوں ستیا ٹو ٹائٹل سونگ اور تو نہیں کی وڈیوز سمیت پانچ منٹ کانیا پرومو بھی جاری کردیا گیا ہے۔”ستیا”کے بولوں پر مبنی گانے کو سنجیو راٹھور، درشن راٹھور اور آراگھ بینرجی جبکہ”تو نہیں”کے بولوں پر مبنی گانے کو لیونارڈ وکٹر اور شویتا پنڈت کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جس کا میوزک موسیقار جوڑی سنجیو اور درشن کے ساتھ نیتن ریکوار نے ترتیب دیا ہے۔ ہدایتکار رام گوپال ورما کی انڈر ورلڈ کے گرد گھومتی اس فلم کو ایم سمانتھ کمار ریڈی نے پروڈیوس کیا ہے جس کی کہانی ستیا سے یکسر مختلف ہے جبکہ اس کی کاسٹ میں بھی زیادہ تر نئے اداکار شامل کیے گئے ہیں۔

1998 کے ستیا کی کہانی ممبئی آنے والے شخص کے گرد گھومتی تھی جو اس وقت کی انڈر ورلڈ دنیا میں پھنس کر رہ جاتا ہے تاہم 2012 کی ستیا ٹو کی کہانی ایسے شخص کے گرد گھوم رہی ہے جو ممبئی آنے کے بعد جرائم کی دنیا انڈر ورلڈ کو اپنے رنگ میں ڈھال دیتا ہے۔ جرائم کی دنیا کے گرد گھومتی ایکشن اور تھرل سے بھرپور رام گوپال ورما کی یہ فلم رواں سال 25 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔