شاہ فیصل کالونی میں انسداد ڈینگی اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے عوام تعاون کریں

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ ڈینگی سمیت امراض سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے انسداد کے حوالے سے جاری مہم کے ساتھ عوامی شعور کے آگاہی پیدا کر کے صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے ،امراض سے متعلق احتیاطی تدابیر نصاب میں شامل کیا جائے اسکولوں اور کالجز کی سطح پر صحت مند معاشرے کے قیام اور ڈینگی ،پولیو سمیت مہلک امراض کے حوالے سے شعور کی آگاہی کے لئے تقریبات ،سیمینار اور مباحثہ کا انعقاد کیا جائے تاکہ ہم اپنے معاشرے کو امراض سے محفوظ اور صحت مند بنا سکیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے تحت انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے جاری مہم کے دوران شاہ فیصل کالونی کی مختلف یونین کونسل میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے اور ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں کا تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے ۔نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ صفائی وستھرائی کے عمل کو علاقائی سطح پر بہتر بنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں مساجد امام بارگاہوں اور درسگاہوں کے اطراف صفائی و ستھرائی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر علاقہ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی و ستھرائی اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔