لاہور (جیوڈیسک) لاہور اہلسنت جماعتوں کے قومی امن مذاکرے میں علمائے کرام نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں طالبان کی پناہ گاہیں ختم کی جائیں۔ میں جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ اہلسنت قومی امن کانفرنس میں جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی مفتی راغب حسین نعیمی نے مشترکہ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں میں طالبان کی پناہ گاہیں موجود ہیں انھیں ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان آئین کے انکاری ہیں۔ ان سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں اور ان کے لٹریچر اور جرائد پر پابندی لگائی جائے اور اس بات کا بھی پتہ لگایا جائے کہ طالبان کو فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے کیونکہ فنڈز کسی بھی جماعت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
راغب حسین نعیمی نے کہا کہ حالیہ اے پی سی میں اہلسنت کے کسی نمائندے کو مدعو نہیں کیا گیا جس پر اہلسنت جماعتوں کو تشویش ہے۔ قومی امن کانفرنس میں راغب نعیمی سمیت حامد سعید کاظمی، حامد رضا قادری، ثروت اعجاز قادری، قاری زوار بہادر اور دیگر نے شرکت کی۔