اسلامی جمعیت طلبہ آج یوم اساتذة کو ”سلام محسن ڈے ” کے طور پر منائے گی: محمد زبیر صفدر

اسلام آباد : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں ۔قوم کے معمار قوم کی ترقی میں اہم کردارادا کرتے ہیں ۔ اساتذہ کی عزت اور توقیر ہر طالب علم کے لئے لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اساتذہ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ آج یوم اساتذة کو ”سلام محسن ڈے ” کے طور پر منائے گی۔ تکریم اساتذہ اسلامی جمعیت طلبہ کی روایت رہی ہے آج ملک بھر کے کالجز اور جامعات میں اساتذہ کو پھول اور تحائف دئیے جائیں گے۔

صوبائی ہیڈکواٹرز میں سلام محسن واک کا اہتما م کیا جائے گا۔ زبیر صفدر کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کرام عزت اور توقیر کے حقدار ہیں ، جن کی وجہ سے ہی ملک اور قوم کی کامیابی اور ترقی ممکن ہے۔ حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوششوں کرے تاکہ ان کی توجہ تدریسی سرگرمیوں پر مرکوز ہو سکے۔ طلبہ کو چاہیے کہ کہ وہ اپنے اساتذہ کی عزت و تکریم اور فرمانبرداری میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھیںاور دوسری طرف اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی اس نہج پر تربیت کریں کہ طلبہ اپنی عملی زندگی میں جا کر اخلاقی اقدار کا پاس رکھیں اور ہمیشہ بھلائی کے راستے پر قائم رہیں۔