100 سے زائد قتل میں ملوث ملزم شجاعت ہاشمی گرفتار

Shujaat Hashmi Arrested

Shujaat Hashmi Arrested

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مختلف ٹارگٹڈ کارروائیوں میں 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ملزم شجاعت ہاشمی سمیت کئی ٹارگٹ کلرز اور بھتا خوروں سمیت 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق نیو کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکا کارروائی کی اور سو سے زائد قتل کی وارداتوں میں مطلوب ملزم شجاعت ہاشمی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان نے بتایا کہ شجاعت ہاشمی ٹارگٹ کلر ز کا سرغنہ ہے، اس کے گروپ میں 25 ٹارگٹ کلرز شامل ہیں۔

دوسری جانب اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی نوید خواجہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سہراب گوٹھ میں کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے راشدی گروپ کے نام پر بھتا لینے والے ملزم فریدکو گرفتار کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے آٹو پارٹس کے تاجر سے دو کروڑ روپے بھتا مانگا تھا، پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اورنگی ٹاون میں کارروائی کے دوران تین بھتا خور وں جبکہ سرجانی ٹاون سے قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزم کاشف کالا کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم تھانہ نارتھ کراچی کے سپاہی کے قتل اور دیگر وارداتوں میں مفرور تھا۔ ایس ایس پی سٹی فیصل بشیر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ گارڈن تھانے کی حدود میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قتل کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان زاہد اور کاشف سہیل کو گرفتار کیا گیا، ملزمان نے سنی تحریک کے تین کار کنوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی نے مزید بتایا کہ لیاری میں ٹارگٹڈ کاروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے استاد تاجو گروپ سے تعلق رکھنے والے ٹا رگٹ کلر ظہور کو گرفتار کیا گیا۔