پاکستانی منشیات اسمگلر کی بیوی کو برطانیہ میں 9 ماہ قید

London

London

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ کی پولیس نے پاکستانی منشیات اسمگلر محمد فاروق کی بیوی کو جرائم میں ملوث ہونے پر 9 ماہ قید کی سزا سنادی ہے، جس سے برطانوی تاریخ کا ایک اہم کیس اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔ اکاون برس کی کیتھرین فاروق کا تعلق برمنگھم کے علاقے سولی ہل Solihull سے ہے اور برمنگھم کران کورٹ نے اسے منی لانڈرنگ کے الزام میں 9 ماہ قید سنائی ہے۔ محمد فاروق کی بیوی پرالزام ہے کہ اس نے اسمگلنگ سے حاصل رقم بیٹی کی تعلیم اوراپنی بے پناہ شاپنگ پرخرچ کی۔

خاتون کے پاکستانی نثراد شوہر محمد فاروق کی عمر سنتالیس برس ہے اور اسے برطانیہ میں ہیروئن اسمگل کرنے کے جرم میں جون میں انتیس برس کی سزا سنائی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پاکستانی گروہوں کی جانب سے پچھلے چندبرسوں میں برطانیہ اسمگل کی جانیوالی ہیروئن ایک ہزار انتالیس کلو گرام تھی جس کی قیمت پچاس ارب روپے سے بھی زائد تھی تاہم اسمگلنگ میں ملوث ان افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاچکا ہے۔ سزا پانیوالوں میں ڈیڑھ درجن سے زائد پاکستانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔ محمد فاروق کے دو پاکستانی دوستوں احمد اور ہمایوں انتیس اور پچیس برس سے جیل کاٹ رہے ہیں۔