ٹیکساس کی سینیٹر وینڈی ڈیوس کا ریاست ٹیکساس کیلئے گورنر کا انتخاب لڑنے کا اعلان

Texas Elections

Texas Elections

ٹیکساس (جیوڈیسک) ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ سے دو بار منتخب ہونے والی ریاست ٹیکساس کی سینیٹر وینڈی ڈیوس نے آئندہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ریاست ٹیکساس کیلئے گورنر کا انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے اس بات کا اعلان گزشتہ روز سٹی سبربن فورٹ ورتھ میں قائم تھامسن جی ویلی کولسمین ہائی اسکول میں قائم جمنازیم میں منعقدہ ایک اجتماع کے دوران کیا جہاں سے انہوں نے 31 سال قبل ہائی اسکول کا ڈپلومہ حاصل کیا تھا۔ سینیٹر وینڈی ڈیوس نے اس موقع پر موجود ہزاروں اپنے حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا فوکس تعلیم پر ہو گا کہ ریاست ٹیکساس میں رہنے والا ہر بچہ لازمی طور پر تعلیم حاصل کرے۔

اس طرح مڈل کلاس لوگوں کے گھروں میں خوشحالی کی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہاں کے شہریوں کو اپنے مستقبل کی طرف دیکھنا ہو گا اور ہمارا یہ قافلہ ہر صورت اپنے سفر پر گامزن رہے گا تاوقتیکہ ہمیں اپنی منزل ملے اس موقع پر ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اسٹیٹ سینیٹرز اور اسٹیٹ ریپریزینٹیٹو سمیت سول و اعلی حکام بھی موجود تھے۔

مسلمانوں کی نمائندگی یہاں پر مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکہ کے صدر سید فیاض حسن اور راجہ زاہد اختر خانزادہ نے کی اور وینڈی ڈیوس کو یقین دلایا کہ ریاست ٹیکساس میں رہنے والے مسلما ن کی گورنر شپ کے انتخاب میں بھرپور مدد فراہم کریں گے۔ اس موقع پر ہزاروں افراد جمع تھے جنہوں نے ان کے اس اعلان پر گہری خوشی کا اظہار کیا۔ مقامی میڈیا کی بھی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی اور سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سینیٹر وینڈی ڈیوس اس وقت قومی سطح پر اپنا سیاست میں لوہا منوانے میں کامیاب ہوئیں جب انہوں نے ابارشن بل سے متعلق اس کی مخالفت میں مسلسل 12 گھنٹے اسمبلی میں خطاب کر کے اس بل کو کچھ عرصہ کیلئے موخر کروا دیا تھا جس کی بعدازاں منظوری 60P کے خصوصی اجلاس میں دی گئی۔