سندھ حکومت نے سندھ میں پراونشل فنانس کمیشن قائم کر دیا

 Sindh Government

Sindh Government

سندھ حکومت نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت پراونشل فنانس کمیشن قائم کر دیا ہے۔

پراونشل فنانس کمیشن صوبے کے بلدیاتی اداروں میں مالیاتی وسائل کی تقسیم کا فارمولہ طے کرے گا اور اس فارمولے کے تحت مالیاتی وسائل کی تقسیم بھی کرے گا۔ یہ فارمولا آبادی، رقبے، پسماندگی، ضرورت اور وسائل کی پیداوار کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر خزانہ کمیشن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ بلدیات کے صوبائی وزیر کمیشن کے شریک چیئرمین ہوں گے۔ کمیشن کے ارکان میں دو ارکان سندھ اسمبلی بھی شامل ہوں گے۔ جن کی نامزدگی سندھ اسمبلی کے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کریں گے۔

کمیشن کے دیگر ارکان میں خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات، بلدیات، ہاؤسنگ اینڈٹاؤن پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کے محکموں کے سیکرٹریز، میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ایک میئر، کسی ضلعی کونسل کا ایک چیئرمین، کسی میونسپل کمیٹی کا ایک چیئرمین اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی امور کے 2 ماہرین شامل ہوں گے۔ ان ماہرین کی نامزدگی حکومت سندھ کرے گی۔