ملتان : جھانسہ دے کر خواتین سے زیادتی کرنے والا جعلی عامل گرفتار

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے علاقہ نیو ملتان میں پولیس نے ایک جعلی عامل کو حراست میں لیا ہے جس نے کالے علم اور جادو ٹونے کا جھانسہ دے کر کئی خواتین کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ویڈیوز بنائیں اور انہیں بلیک میل کیا۔ملتان کے علاقہ حسن آباد کے افضل بھٹی کو پولیس تھانہ نیو ملتان نے ایک متاثرہ خاتون کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کیے جانے کے بعد گرفتار کیا۔

افضل پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کو تعویذ اور جادو ٹونے کے بہانے سے بلایا اور پھر زیادتی کی ویڈیو بنا کر اس خاتون اور اس کی والدہ کو بلیک میل کر کے 6 لاکھ روپے ااور دس تولہ زیورات بھی لئے۔ اِس مقدمہ کے مدعی کے مطابق اس کی بیٹی کے ساتھ اس واقعہ میں اس کا شوہر خرم بھی ملوث ہے اور اس نے خود اپنی بیوی کو اس پیر کے پاس لے کر گیا اور اس بلیک میلنگ میں اس نے ایک کروڑ روپے مالیت کا ایک گھر بھی دھوکہ دہی سے مختار نامہ کے ذریعے اپنے نام کرا لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پچھلے 5 سال سے تعویذ اور جادو ٹونے کا کام کر رہا تھا۔ اس سے برآمد ہونے والی ویڈیوز کے مطابق 15 سے زائد خواتین کو اس نے مبینہ طور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق اس کیس کے مرکزی کردار جعلی عامل افضل نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور اسے جیل بھیج دیا گیا ہے، دوسری طرف ایک متاثرہ لڑکی کے شوہر خرم نے مقامی عدالت سے عبوری ضمانت کرا لی ہے۔