کراچی: 2 مطلوب ملزمان مارے گئے، ٹارگٹڈ آپریشن میں 8 گرفتار

Targtd Operation

Targtd Operation

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے 8 ملزمان کوگرفتارکر لیا۔ جبکہ لیاری میں 2 مطلوب ملزمان مارے گئے۔ ڈی ایس پی بغدادی غلام مرتضی کے مطابق لیاری کے علاقے دریا آباد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ، گینگ وار اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان ہلاک اوران کے کچھ ساتھی فرار ہوگئے۔

ایس پی اورنگی چودھری اسد کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کالونی میں کارروائی کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ڈی ایس پی طارق مغل کے مطابق محمود باد میں مختلف کارروائیوں میں6 مفرور اور ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی اظفر مہیسر نے بتایا کہ تھانہ گلستان جوہر میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے ایک ہو ٹل پر چھاپہ مارا اور 12 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹارگٹ کلر عباس علی کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔